Qayyum Nazar

٭7 مارچ 1914ء اردو اور پنجابی کے ممتاز شاعر ، نقاد، مترجم اور ڈرامہ نگار قیوم نظر کی تاریخ پیدائش ہے۔Qayyum Nazar
قیوم نظر کا اصل نام عبدالقیوم تھا اور وہ لاہور میں پیدا ہوئے تھے۔ اپنی ادبی زندگی کے اوائل میں انہوں نے حلقہ ارباب ذوق کی تشکیل میں کردار ادا کیا اور اس کے اولین جنرل سیکریٹری منتخب ہوئے۔ انہوں نے گورنمنٹ کالج لاہور میں شعبہ اردو اور پنجاب یونیورسٹی میں شعبہ پنجابی میں تدریس کے فرائض انجام دیئے۔
قیوم نظر کی تصانیف میں پون جھکولے، قندیل، سویدا، واسوخت، زندہ ہے لاہور اور امانت کے نام شامل ہیں۔ ان کی شاعری کی کلیات قلب و نظر کے فاصلے کے نام سے اشاعت پذیر ہوچکی ہے۔23جون 1989ء کو قیوم نظر کراچی میں وفات پاگئے اور لاہور میں میانی صاحب کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہوئے۔

Yousuf Zafar

 

یوسف ظفرYousuf Nazar
٭ اردو کے ایک ممتاز شاعر جناب یوسف ظفر یکم دسمبر 1914ء کو مری میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے بڑے نامساعد حالات میں زندگی بسر کی۔ 1936ء میں انہوں نے میٹرک کا امتحان پاس کیا۔ 1939ء میں انہوں نے میراجی کے ساتھ حلقہ ارباب ذوق کی بنیاد ڈالی اور قیام پاکستان کے بعد مشہور ادبی جریدے ہمایوں کے مدیر مقرر ہوئے۔ بعد ازاں وہ ریڈیو پاکستان سے منسلک ہوئے اور اسٹیشن ڈائریکٹر کے عہدے تک ترقی پائی۔ جناب یوسف ظفرکی سوانح عمری ’’یوسف ظفر کی بات‘‘ کے نام سے اشاعت پذیرہوچکی ہے جب کہ ان کے شعری مجموعوں میں نوائے ساز‘ عشق پیماں‘ حریم وطن‘ صدا بہ صحرا‘ زہرخند اور زنداں کے نام شامل ہیں۔ ان کی شاعری کی کلیات بھی اشاعت پذیر ہوچکی ہے۔ ان کی نثری تصنیف یہودیت بھی اپنے موضوع پر لکھی گئی ایک بڑی وقیع تصنیف ہے۔
7 مارچ 1972ء کو جناب یوسف ظفرنے راولپنڈی میں وفات پائی۔ راولپنڈی میں فوجی قبرستان میں آسودہ خاک ہیں۔